نصیرآباد،ضلعی انتظامیہ کے دائرۂ اختیار میں آنے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

نصیر آباد ڈسٹرکٹ ( ڈیلی آواز ٹائمز/بخش عمرانی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال ڈیرہ مراد جمالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ایف سی نصیرآباد کے ونگ کمانڈر کرنل محمد رضوان طیب ،اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی، مختلف محکموں کے افسران اور سائلین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کی صدارت ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے کی کھلی کچہری کا بنیادی مقصد شہریوں کو براہِ راست اپنے مسائل ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا اور ان کے حل کے لیے فوری و مؤثر اقدامات یقینی بنانا تھا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ کھلی کچہری عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے ایک مؤثر عوامی فورم ہے۔ آج کی کھلی کچہری شہریوں کے مسائل سنے بغیر اختتام پذیر نہیں ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کے دائرۂ اختیار میں آنے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جبکہ ایسے مسائل جو ضلعی انتظامیہ کے اختیار سے باہر ہیں، انہیں متعلقہ اعلیٰ حکام اور محکموں کے سامنے تحریری طور پر پیش کیا جائے گا تاکہ ان کے حل کے لیے مؤثر پیش رفت یقینی بنائی جا سکے کھلی کچہری میں ونگ کمانڈر کرنل رضوان طیب، اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ، تحصیلدار معظم علی جتوئی، ایکسین بلڈنگز، ایکسین واپڈا، ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز حسین جمالی ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف محکموں کے سربراہان علماء کرام، طلبہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر شہریوں نے تحریری درخواستوں اور زبانی طور پر مختلف عوامی مسائل ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے شہریوں نے ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس روڈ کی تعمیر میں طویل تاخیر تحصیل تمبو میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی زرعی سیزن کے دوران پانی کی قلت اور پانی کی غیر قانونی چوری کی شکایات سے آگاہ کیا شہریوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں غیر قانونی طور پر پائپوں کے ذریعے پانی چوری کیا جا رہا ہے جس کے باعث زرعی اور دیگر ضروریات کے لیے پانی کی دستیابی متاثر ہو رہی ہے شہریوں نے شہروں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال طلبہ کے لیے لائبریری کی سہولیات کی کمی بااثر افراد کی جانب سے مبینہ ناجائز قبضوں تحصیل چھتر میں طبی سہولیات کے فقدان، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث ٹیوب ویلوں سے سیراب ہونے والی زرعی زمینوں کو درپیش مشکلات اور مویشیوں میں پھیلنے والی بیماریوں کے علاج کے لیے لائیوسٹاک کی مؤثر خدمات کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا اسی طرح ڈیرہ مراد جمالی میں منشیات کی فروخت کی روک تھام، قبرستان کے لیے اراضی مختص کرنے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحق خواتین کو درپیش مسائل کے حل، ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور دیگر اہم عوامی مسائل بھی ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے گئے ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو مختلف شکایات کے فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی نوعیت کے مسائل کو محض درخواستوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کے عملی حل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کو پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ خالصتاً عوامی مسائل کی نشاندہی، ان کے حل اور متعلقہ اداروں کو ذمہ دار بنانے کے لیے مؤثر رابطہ کاری ہے۔ شہری مختصر اور جامع انداز میں اپنے مسائل پیش کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو اپنی شکایات بیان کرنے کا موقع مل سکے ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف کی فراہمی اور ان کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے دائرۂ اختیار میں آنے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ دیگر مسائل متعلقہ اعلیٰ حکام اور محکموں کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھائے جائیں گے کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی جانب سے عوامی مسائل براہِ راست سننے موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرنے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ عوام کو اپنے مسائل براہِ راست ضلعی حکام تک پہنچانے اور ان کے بروقت حل کا مؤثر موقع میسر آتا رہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں