زیارت/سنجاوی (ڈیلی آواز ٹائمز/نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر کموڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دمڑ نے خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس اہم شاہراہ کی تعمیر سے زیارت، سنجاوی اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو بہتر سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ تجارتی، کاروباری اور روزگار کے نئے مواقع میسر آنے کی امید ہے۔
افتتاحی تقریب میں پروجیکٹ ڈائریکٹر عصمت اللہ موسیٰ خیل، ایم پی آئی کنسٹرکشن کمپنی کے مالک فضل کریم مندوخیل، فوکل پرسن حاجی باز محمد دمڑ، محمد عرفان دمڑ، پی ایس ٹو صوبائی وزیر موسیٰ کاکڑ، ڈسٹرکٹ چیئرمین ستار کاکڑ، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین حبیب اللہ پانئیزئی، قبائلی رہنما غوث پانئیزئی، حاجی محمد عظیم، ملک ایاز زخمیل، عزیز اللہ، عمران پانئیزئی، سردار عجب خان تارن اور حاجی اللہ نور سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو منصوبے کے مختلف مراحل اور پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ نے بتایا کہ خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کا منصوبہ 14.46 ارب روپے کی خطیر لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، جو علاقے کی ترقی اور عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ اس شاہراہ کی تکمیل سے زیارت، سنجاوی اور گردونواح کے عوام کو آمدورفت میں نمایاں آسانی ہوگی، جبکہ دیگر صوبوں تک سفر کرنے والے شہریوں کا فاصلہ اور مشکلات بھی کم ہوں گی۔ شاہراہ کی تعمیر سے علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور امپورٹ و ایکسپورٹ سمیت روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
حاجی نور محمد خان دمڑ کا مزید کہنا تھا کہ سڑکیں صرف آمدورفت کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشی ترقی، تجارت، صنعت، زراعت اور روزگار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ حکومت پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے علاقے کی مجموعی معاشی و سماجی صورتحال بہتر ہوگی۔
اس موقع پر زیارت اور سنجاوی کے معتبرین اور عوام نے منصوبے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس شاہراہ کی تکمیل سے خطے میں سیاحت، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کو زبردست فروغ حاصل ہوگا۔






