اسلام آباد (ڈیلی آوازٹائمز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے سرحدی علاقے میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے لاپتہ ہونے پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر پاکستان کو دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور آزمودہ دوستی قائم ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے چینی بھائیوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ پاکستان متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور چین کی ہر ممکن معاونت کے لیے تیار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے سرچ اور ریلیف آپریشن میں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری امدادی کارروائیوں کے نتیجے میں لاپتہ افراد کو جلد تلاش کر لیا جائے گا اور متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی کی بحالی کا عمل تیز ہوگا۔واضح رہے کہ نیپال اور چین کے سرحدی پہاڑی علاقے میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ چین کے تبت کے علاقے میں بھی جانی نقصان اور افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ دونوں جانب امدادی ادارے سرچ اور ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں






