کوئٹہ (ڈیلی آوازٹائمز/ نیوز ڈیسک)باخبر ذرائع کہ مطابق بلوچستان حکومت نے صوبائی وزیر میر صادق عمرانی سے وزارت واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلامیہ سامنے نہیں آیا۔ ذرائع کے مطابق معاملے پر جلد اہم پیش رفت اور باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میر صادق عمرانی سے وزارت واپس لینے کے فیصلے کے حوالے سے حکومتی سطح پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، تاہم حتمی تفصیلات اور فیصلے کی وجوہات باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہوسکیں گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے رکن میر صادق عمرانی نے حالیہ اسمبلی اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔
اپنے خطاب میں میر صادق عمرانی نے کہا تھا کہ اسلام آباد جانے والے بلوچستان کے لوگ گالیاں کھا کر واپس آئے اور سوال اٹھایا کہ بلوچستان کے لوگوں کو اسلام آباد کلب بلا کر کس نے ذلیل کیا۔
انہوں نے صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ حالات اس قدر خراب ہوچکے ہیں کہ لوگ اوڑک اور زیارت جیسے علاقوں میں بھی آزادانہ طور پر نہیں جا سکتے۔
میر صادق عمرانی نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جان و مال کا تحفظ اور آزادانہ نقل و حرکت کا حق حاصل ہوسکے۔






