حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) امن کمیٹی کی جانب سے چرائی گوٹھ میں شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور طبی معائنہ کرایا۔کیمپ کے دوران شہریوں کا مختلف بیماریوں، بشمول بالغوں، سینے اور دیگر امراض کے حوالے سے معائنہ کیا گیا، جبکہ مریضوں کو تشخیص کے بعد ضروری ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں۔اس موقع پر حب امن کمیٹی کے صدر شاہ جہاں مگسی اور نائب صدر عبدالماجد مگسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چرائی گوٹھ کے شہریوں کی سہولت کے لیے آج مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کا مقصد مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات اور ادویات فراہم کرنا ہے۔شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن کمیٹی کی جانب سے لگائے گئے طبی کیمپ سے انہیں بہت فائدہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض ادویات جو بازار سے تقریباً 2500 روپے میں خریدنی پڑتی ہیں، وہ انہیں کیمپ میں مفت فراہم کی گئی ہیں، جبکہ دیگر ضروری ادویات بھی بغیر کسی معاوضے کے دی گئیں۔شہریوں نے مفت طبی کیمپ کے انعقاد اور ادویات کی فراہمی پر حب امن کمیٹی کے صدر شاہ جہاں مگسی، نائب صدر عبدالماجد مگسی اور دیگر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔








