اسلا م آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لیسکو کے ریٹائرڈ ملازم کی اپیل منظور کر کے 2 لاکھ روپے بطور شادی گرانٹ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو ایسے فوائد کے بارے آگاہ کریں۔ محمد آصف لیسکو میں ملازم تھے، ریٹائرمنٹ کے بعد”شادی گرانٹ“ کیلئے درخواست دی، لیسکو نے بیٹے کی شادی کے 2 سال بعد درخواست دینے پر درخواست مسترد کی،شادی گرانٹس کے ضابطیکے مطابق تمام درخواستیں شادی کی تاریخ کے چھ ماہ کے اندر پہنچ جانی چاہئیں۔شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب سے رجوع کیا جس نے لیسکو کی بدانتظامی ثابت نہ ہونے پر شکایت کو مسترد کردیا۔بعد ازاں، شہری نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی۔
صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف محمد آصف (شکایت کنندہ) کی درخواست قبول کرلی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملازم کے شادی گرانٹ کے حقدار ہونے پر کوئی اختلاف نہیں، سوائے اس کے کہ درخواست تاخیر سے جمع ہوئی، سرکاری ادارے لوگوں کو ایسے فوائد کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ وہ اپنے حق سے محروم نہ رہیں۔صدر مملکت نے شہری کی اپیل منظور کر لی، لیسکو کو 30 دن میں ملازم کو 2 لاکھ روپے ادا کرنے کی ہدایت دیدی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ملازم کو بیٹے کی شادی کیلئے 2 لاکھ روپے ”شادی گرانٹ“کے طور پر ادا کرے۔






