لاہور (روزنامہ آواز ٹائمز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فنکار ہماری شناخت اور قومی اثاثہ ہیں، ملکی ثقافت کے فروغ اور قومی تشخص کو پروان چڑھانے میں فنکاروں کا کلیدی کردار ہے۔ یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے فلم، اسٹیج اور ٹی وی آرٹسٹوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فنکاروں نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فلم فنانس فنڈ اور ہیلتھ انشورنس کے لئے خطیر رقم مختص کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات سے اظہار تشکر کیا۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات کی کاوشوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تخلیقی سوچ کی حوصلہ افزائی معاشرے کی نمو کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فلم فنانس فنڈ کے لئے دو ارب اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فلمی صنعت کی ترقی اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص اور روشن شناخت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔فلمیں ملک کی ثقافت، تاریخ، اقدار، ورثہ اور سیاحت کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔






