پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، یونان کشتی حادثہ کا مرکزی ملزم و انسانی اسمگلر گرفتار

لاہور (روزنامہ آواز ٹائمز) پنجاب پولیس وہاڑی کی ٹیم نے اہم کاروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثہ کے مرکزی ملزم و انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر انسانی اسمگلنگ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث اسمگلرز کے خلاف آپریشنز میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے،،انسانی اسمگلنگ اور یونان کشتی حادثہ کے مرکزی ملزم ممتاز ارائیں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس وہاڑی کی ٹیم نے 24 گھنٹے کی ان تھک محنت سے ملزم کو گرفتار کیا،ملزم ممتاز ارائیں سے واقعہ کے دوسرے مرکزی ملزم اسلم کا موبائل بھی برآمد کر لیا گیا ہے، موبائل ڈیٹا، اہم شواہد اور دیگر اہم دستاویزات ملزم کے قبضے سے برآمد ہوئی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کیا جارہا ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ کے مکرو ہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ یو نان کشتی واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا،پنجاب پولیس ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو ملزمان کی گرفتاری و تفتیش میں بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ اندوہناک سانحہ میں ملوث سفاک ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں