پارلیمان کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (روزنامہ آواز ٹائمز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمان ملک کی سب سے بڑی دانشگاہ ہے اور سمر انٹرنشپ پروگرام میں طالب علموں کو قانون سازی کے طریقہ کار کو سیکھنے کا موقع ملے گا،پارلیمان کی عزت وتکریم ہم سب پر فرض ہے اور پارلیمان کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،جمہوری نظام ایک بہترین طرز حکمرانی ہے جس میں ہر عوامی نمائندے کو حلقے کے لاکھوں ووٹرز کی حمایت حاصل ہوتی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمان اور نوجوان نسل کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان ایک ایسی جگہ ہے جہاں سیاسی رہنما اتفاق رائے کے ساتھ قوم کی تقدیر بدلنے کے لئے دن رات محنت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے آخری سانس تک آمریت کے خلاف جدوجہد کی۔ انہوں نے بھٹو خاندان کے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے لازوال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قائد عوام شہید ذولفقار علی بھٹو نے عام عوام کو ووٹ کا حق دیا۔اسپیکر نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے کے آڑ میں کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں