بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ اور پاکستان کا فخر ہیں،مریم اور نگزیب

پیرس(روزنامہ آواز ٹائمز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ اور پاکستان کا فخر ہیں، سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے شاندار استقبال پر پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی بصیرت انگیز قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے پاکستان میں 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے کہا کہ ن لیگ نے اقتدار میں آتے ہی عام آدمی کی فلاح کو اپنا مشن بنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت نے پہلے کی طرح برق رفتاری سے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جو لائق تحسین ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں