لاہور(روزنامہ آواز ٹائمز)اوپن مارکیٹ میں آٹا کھلے عام مہنگے داموں فروخت ہونے لگا، آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو لگام دینا محکمہ خوراک کیلئے چیلنج بن گیا۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتیں 4800 روپے سے تجاوز کر گئی ہیں، 20 کلو آٹے کا تھیلا 2800 روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔کھلا سرخ آٹا 140 روپے اور سفید فائن آٹا 150 روپے کلو بیچا جا رہا ہے، چکی آٹا 170 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، 10 کلو آٹے کا تھیلا صرف ڈیمانڈ کے مطابق سپلائی کیا جا رہا ہے۔ادھر شہر کے متعدد تنوروں پر سادہ روٹی 18 سے 20 روپے کی بیچی جا رہی ہے جبکہ نان 25 سے 30 روپے کا فروخت کیا جا رہا ہے۔






