لاہور (ڈیلی آوازٹائمز) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تناظر میں پاک فوج کے کردار پر ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی گفتگو ہونی چاہیے۔ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کا مشترکہ سرمایہ ہیں اور ان پر سیاست کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہی ہے جبکہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے ان خیالات کا اظہار لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں “پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی: پاکستان آرمی کا کردار اور اہمیت” کے موضوع پر منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے فوج کے سیاسی کردار سے متعلق جو گفتگو کی، اس پر بحث ہونی چاہیے۔ مولانا فضل الرحمن ماضی میں شہداء کو قومی اثاثہ قرار دیتے رہے ہیں، اس لیے ان کے حالیہ بیان پر حیرت ہوئی اور انہیں اس حوالے سے اپنے مؤقف پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ سے زائد جانوں کی قربانیاں دے چکا ہے، اس لیے دہشت گردوں سے متعلق کسی بھی بحث میں قومی مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور سیاسی استحکام پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گرد تنظیموں کو مالی اور دیگر معاونت فراہم کر رہا ہے تاکہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچایا جا سکے، تاہم پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاک فوج کا نام آتے ہی پوری قوم احترام سے کھڑی ہو جاتی ہے کیونکہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سیمینار سے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف چار دہائیوں پر محیط جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہے۔ سیمینار سے ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان، سینئر صحافی رئیس انصاری، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے دہشت گردی کے خاتمے، شہداء کی قربانیوں کے اعتراف اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا






