منی لانڈرنگ کیس، پرویز الہٰی کے ضمانتی مچلکے منظور، رہائی کی روبکار جاری

لاہور(روزنامہ آواز ٹائمز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانتی مچلکے منظور کر لیے گئے۔بینکنگ جرائم کورٹ نے پرویز الہٰی کی رہائی کی روبکار جاری کر دی۔ضمانتی مچلکے جمع کراتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جتنی رقم عدالت نے مانگی وہ رقم ضامن جمع کروا رہا ہے۔پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کا اعتراض نامناسب ہے کیوں کہ نواز شریف کی ضمانت شہباز شریف نے دی تھی۔راسخ الہٰی نے کہا کہ شہباز شریف بھی ملزم تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پرویز الہٰی کی رہائی کے لیے راسخ الہٰی کی جانب سے مچلکے دینے پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے اعتراض کیا تھا۔ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کے بیٹے ہونے کی وجہ سے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے جا سکتے اور ضامن راسخ الہٰی بھی ایک مقدمے میں ملزم ہیں۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ کیا ایک ملزم دوسرے ملزم کی ضمانت دے سکتا ہے؟عدالت نے کہا کہ کوئی قانونی رکاوٹ بتائیں۔چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی کی روبکار پر خیال رہے کہ بینکنگ جرائم کورٹ نے پرویز الہٰی کی 5 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔واضح رہے کہ جیل حکام نے چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی کی روبکار پر اعتراض عائد کر دیا تھا۔جیل حکام نے استدعا کی تھی کہ عدالت کا مشروط حکم سمجھ نہیں آ رہا، وضاحت کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں