اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان جاری ہے البتہ مہنگائی کی رفتار میں کمی واقع ہوئی ہے۔حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.05فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیاہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح27.57فیصد سے کم ہوکر 25.34 فیصد پر آگئی ہے۔ملک میں 29ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175روپے ماہانہ آمدن والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 28.35فی صد رہی ہے جبکہ حالیہ ہفتے ملک میں 22 اشیائے ضروریہ مہنگی،12سستی ہوئیں جبکہ 17کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران پیاز، دال مسور، چینی، لہسن، انڈے، اور دال ماش،بیف،مٹن،کھلا دودھ،دہی اور انرجی سیور سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی22شیاء مہنگی ہوئیں جبکہ ٹماٹر، چکن، ا?لو، کیلے، گھی، کوکنگ آئل، گندم کا آٹا اور ایل پی جی سمیت بارہ اشیاء کی قیمت میں کمی ہوئی۔چینی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 172 روپے کلو تک پہنچ گئی جبکہ ایک سال میں چائے 94 فیصد، چاول 90 فیصد، مرچ 86 فیصد مہنگی ہوئی۔اسی طرح گزشتہ سال کی نسبت چینی 81 فیصد، انڈے 2.31، لہسن 2.17 فیصد مہنگا ہوا۔آلو کی قیمتوں میں 1.43 فیصد،ٹماٹر کی قیمتوں میں 22.16،چکن کی قیمتوں میں 5.44،گھی کی قیمتوں میں 0.97،سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.87،دال چنے کی قیمتوں میں 0.49 اور آٹے کی قیمتوں میں 0.25 فیصد کمی واقع ہوئی۔حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 24.71فیصد، 17 ہزار 733 سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 22.36فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے والے طبقے کیلئے 26.93فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے والے طبقے کیلئے 28.35فیصد جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 26.55فیصد رہی۔






