کوئٹہ(آوازٹائمز)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے آذربایجان کی جانب سے پاکستان میں گیس اور تیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے اعلان کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت توانائی کے شدید بحران سے گزر رہا ہے اور ایسے میں غیر ملکی سرمایہ کاری ملک کی معیشت کو سہارا دینے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ سید امان شاہ نے زور دیا کہ گیس اور تیل کے منصوبوں میں بلوچستان کو خصوصی ترجیح دی جائے کیونکہ بلوچستان قدرت نے بے پناہ معدنی اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے، مگر بدقسمتی سے یہ صوبہ طویل عرصے سے نظر انداز چلا آ رہا ہے۔ اگر بلوچستان میں توانائی کے منصوبوں پر سنجیدگی سے سرمایہ کاری کی جائے تو نہ صرف صوبے کی معاشی حالت بہتر ہو سکتی ہے بلکہ پورے ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب لے جایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربایجان جیسے دوست ملک کی سرمایہ کاری سے بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے، مقامی صنعت کو فروغ ملے گا اور علاقے میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ سید امان شاہ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ شفاف پالیسیوں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اعتماد میں لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بلوچستان کے عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات براہ راست حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہمیشہ ایسے اقدامات کی حمایت کرے گی جو ملکی مفاد، صوبائی ترقی اور عوامی خوشحالی کا باعث بنیں، اور امید ظاہر کی کہ آذربایجان کی یہ سرمایہ کاری پاکستان خصوصا بلوچستان کے لیے ایک مثبت اور دیرپا ثابت ہوگی






