اسلام آباد (ڈیلی آوازٹائمز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ربیکا گرینسپان نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں عالمی امن، بین الاقوامی تعاون اور اقوام متحدہ کے کردار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے فروغ، عالمی قوانین کی پاسداری اور بین الاقوامی معاہدوں کے احترام کے اپنے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ممالک کو کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے اور اقوام متحدہ کے کردار کو مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور پرامن ذرائع اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر اور فلسطین سمیت دیرینہ تنازعات کا منصفانہ اور پائیدار حل ناگزیر ہے۔نائب وزیراعظم نے عالمی ترقیاتی ایجنڈے کے حصول میں اقوام متحدہ کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ترقی، امن اور انسانی بہبود کے اہداف کے حصول کے لیے عالمی برادری کا مؤثر تعاون ضروری ہے۔ملاقات میں اقوام متحدہ کے مستقبل کے کردار، عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عالمی امن، ترقی اور تعاون کے لیے اپنی تعمیری کوششیں جاری رکھے گا






