اسلام آباد(آوازٹائمز)اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری(آئی سی ٹی)پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے سنگجانی میں چیکنگ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو مسلح ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے۔ پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم نے سنگجانی تھانے کی حدود میں ایک ناکہ پر مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی۔دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ڈاکوؤں نے رکنے کی بجائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ترجمان نے کہا کہ پولیس ٹیم نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کا پیچھا کیا۔ پولیس کو آتے دیکھ کر ڈاکوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی تاہم بروقت احتیاطی تدابیر اور بلٹ پروف جیکٹس کے استعمال کے باعث پولیس اہلکار محفوظ رہے۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ گئے اور بعد میں قریبی جنگل کے علاقے میں زخمی حالت میں پائے گئے۔ زخمی ملزمان کی شناخت واجد اور سمیع اللہ کے نام سے ہوئی جنہیں فوری طور پر حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے گرفتار ڈاکوں کے قبضے سے چھینے گئے تین موبائل فون، دو موٹر سائیکلیں اور 65 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی۔اس کے علاوہ متعدد مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے دو پستول بھی برآمد کیے گئے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ڈاکو ڈکیتی سمیت سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کی فائرنگ سے ایک سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہڈاکوؤں کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فرار ہونے والے ڈاکوں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے






