اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈائی بیچ پر دہشتگرد حملے کی مذمت

اسلام آباد (آوازٹائمز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے معروف ساحلی مقام بونڈائی بیچ پر پیش آنے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا ایک سفاک، غیر انسانی اور ہر لحاظ سے قابلِ نفرت فعل ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہری آبادی، عوامی مقامات اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت، اخلاقیات اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام اس مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کی پارلیمان، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس دہشتگرد حملے میں ملوث حملہ آوروں کا بزدلانہ اور انسانیت سوز اقدام ناقابلِ معافی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی خواہ کسی بھی شکل میں ہو، چاہے انفرادی یا منظم نیٹ ورکس کے تحت، یہ عالمی امن اور انسانی اقدار پر حملہ ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے واقعے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر بے گناہ شہریوں کی جانیں بچانے والے احمد الاحمد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا جرات مندانہ، بے لوث اور انسان دوست اقدام انسانیت کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ احمد الاحمد نے جان کی پروا کیے بغیر جس بہادری، ایثار اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، اس پر مسلم اْمّت فخر محسوس کرتی ہے، اور ان کا یہ عمل انسانیت کی اعلیٰ اقدار کی روشن مثال ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ حملہ آوروں کا بھارت سے تعلق ہونا اس امر کی واضح غمازی کرتا ہے کہ بھارت دہشتگردی کی سرپرستی اور انتہا پسند عناصر کی پشت پناہی میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت کے منفی اور جارحانہ کردار کو بے نقاب کرتا ہے جو خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے دہشتگردی کے ناسور کے خلاف لڑ رہا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانیاں دے چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم الخوارج (فتنہ الہندوستان) کے خلاف برسر پیکار ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے دہشتگردی میں ملوث کردار کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور دہشتگردی کے فروغ میں ملوث عناصر اور ریاستی سرپرستوں کے خلاف مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنائے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی، انتہا پسندی اور تشدد کی بلا امتیاز مذمت کرتا ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ، مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی چیلنج ہے جس کا مقابلہ صرف اجتماعی عزم اور عملی تعاون سے ہی ممکن ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں