افغانستان عالمی سازشوں کے نرغے میں، دیرپا امن صرف افغان شمولیتی سیٹ اپ میں ممکن ہے، احمد خان

کوئٹہ(آوازٹائمز)افغان قومی موومنٹ کے چیئرمین احمد خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان تمام افغانوں کا مشترکہ گھر ہے اور ملک میں دیرپا امن کا واحد راستہ ایک ایسے سیٹ اپ میں ہے جو تمام افغان اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ہو۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان آج پہلے سے کہیں زیادہ عالمی سازشوں اور پراکسیز کا مرکز بنتا جا رہا ہے، جب کہ پشتونوں کے حقوق کا حصول موجودہ حالات میں سب سے اہم ہدف ہے۔احمد خان نے کہا کہ تعلیمِ نسواں پر پابندی ملک کو مزید اندھیروں کی طرف دھکیل دے گی۔ خطے کے تزویراتی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے افغانستان آج بھی گریٹ گیم کا حصہ ہے، جہاں مختلف حکومتوں کو بزور طاقت گرانے کے حربے استعمال ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت نے اگر تمام افغانوں پر مشتمل حکومت بنانے کی سمت سنجیدہ قدم نہ اٹھایا تو افغانستان مزید عالمی پراکسیز کی آماجگاہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری انداز میں حکومت کرنا ہر افغان کا آئینی حق ہے اور اصل دانشمندی اسی میں ہے کہ تمام افغانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے شمولیتی نظام تشکیل دیا جائے۔احمد خان نے کہا کہ پشتون قومی بقا اور تاریخ کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا ہماری سیاست کا بنیادی محور ہے۔ پشتون قومی حقوق پر نہ خود سمجھوتہ کریں گے اور نہ کسی مفاد پرست یا سازشی گروہ کو کرنے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ پشتونستان کو دہشت گردی کی لپیٹ میں لانے کے لیے بیرونی سازشوں کے ساتھ اندرونی عناصر کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ پشتون دشمن قوتیں دانستہ طور پر پشتونوں کے درمیان اختلافات پیدا کرکے انتشار پھیلانے میں مصروف ہیں۔ اگر پشتون قوم نے اب بھی ہوش مندی نہ دکھائی تو دشمن ہمیں ناقابل تلافی نقصان پہنچا دے گا۔چیئرمین احمد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افغان قومی موومنٹ پشتون افغان قوم کی بقا، اتحاد اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں