کوئٹہ(آوازٹائمز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ کے شہری یونین کونسلوں کی عام نشستوں پر انتخابات 28 دسمبر 2025 کو ہوں گے، جب کہ نتیجہ 31 دسمبر کو مرتب کیا جائے گا۔شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران کی جانب سے عوامی نوٹس 11 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ امیدوار 13 سے 17 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، جبکہ امیدواروں کے نام 18 نومبر کو شائع کیے جائیں گے۔ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 19 سے 24 نومبر تک ہوگی، اپیلیں 28 نومبر تک جمع کرائی جاسکیں گی، جن پر فیصلے 3 دسمبر تک سنائے جائیں گے۔ نظرثانی شدہ فہرست 4 دسمبر کو، دستبرداری 5 دسمبر کو، اور انتخابی نشانات 6 دسمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کسی سرکاری ملازم کو انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کے لیے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ضلع کوئٹہ میں انتخابی نتائج کے اعلان تک کسی بھی سرکاری افسر یا اہلکار کا تبادلہ الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیر نہیں کیا جا سکے گا






