کوئٹہ(آوازٹائمز)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ امریکہ سمندر میں ایک بڑی مچھلی کی مانند ہے اسی لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کھلے عام یہ باور کراتے ہیں کہ وہ کسی قاعدے، ضابطے یا عالمی قانون کے پابند نہیں۔میر طاہر بزنجو نے کہا کہ درحقیقت صدر ٹرمپ کی نظریاتی وابستگی فاشزم سے ہے اور وہ اپنے پیش رو ایڈولف ہٹلر کی طرح پوری دنیا پر حکمرانی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی جارحیت، طاقت کے بے جا استعمال اور کمزور اقوام کے وسائل پر قبضے کے گرد گھومتی ہے انہوں نے کہا کہ تیل، گیس اور نایاب معدنیات، چاہے وہ وینزویلا اور گرین لینڈ میں ہوں یا بلوچستان جیسے خطوں میں، انہیں ہڑپ کرنا ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی طرح اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی پشت پناہی بھی امریکی پالیسی کا حصہ ہے جو خطے اور دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاوس میں موجود رہیں گے دنیا بڑے پیمانے پر کشیدگی، غیر یقینی صورتحال اور افراتفری کا شکار رہے گی۔ میر طاہر بزنجو نے کہا کہ عالمی برادری کو طاقت کی اس سیاست کا سنجیدگی سے نوٹس لینا ہوگابصورت دیگر اس کے نتائج پوری انسانیت کو بھگتنا پڑیں گے






