نمل یونیورسٹی کوئٹہ کے طلباء کا آئی ڈی ایس پی انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اسٹڈیز اینڈ پریکٹس کا علمی و تحقیقی دورہ
تعلیم کا اصل مقصد صرف کتابی علم حاصل کرنا نہیں، بلکہ عملی زندگی کے تجربات، مشاہدات، اور فیلڈ میں سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔ اسی فلسفے کے تحت نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) ریجنل کیمپس کوئٹہ کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات نے انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اسٹڈیز اینڈ پریکٹس (IDSP) کا ایک معلوماتی، انسپائرنگ اور مکمل تحقیقی سٹڈی ٹور کیا۔
یہ تعلیمی دورہ محمد فیصل (کورس کوآرڈینیٹر، نمل کوئٹہ) کی زیر نگرانی اور زیر سرپرستی منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلباء کو عملی زندگی سے جوڑنا اور تعلیمی اداروں کے مختلف ماڈلز کا مشاہدہ کرانا تھا۔
قدرتی وسائل کا مثالی استعمال اور خود کفالت کا عملی نمونہ
IDSP ایک ایسا ادارہ ہے جو نہ صرف تعلیم دیتا ہے بلکہ خود کفالت، قدرتی وسائل کے بہتر استعمال، اور ماحول دوست طرزِ زندگی کا عملی ماڈل بھی پیش کرتا ہے۔ ادارے کی تمام عمارات مٹی سے بنی ہوئی تھیں، کلاس رومز میں قالین بچھے تھے اور طلباء چپل اتار کر سادہ مگر باوقار انداز میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
IDSP کا سسٹم مکمل طور پر آرگینک ہے—کسی قسم کے کیمیکل، پلاسٹک یا مصنوعی مادوں کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے۔ وہاں کی زراعت، جانوروں کی افزائش، بجلی کا انتظام، حتیٰ کہ بیت الخلاء اور رہائش گاہیں بھی قدرتی اصولوں کے مطابق بنائی گئی ہیں۔
انرجی، فوڈ، اور اکنامی کا لوکل ماڈل
اس ادارے میں طلباء نے مشاہدہ کیا کہ کس طرح IDSP نے بایو گیس یونٹ کے ذریعے اپنی انرجی ضروریات پوری کر رکھی ہیں۔ اسی طرح انہوں نے سولر سسٹمز اور دیگر قدرتی ذرائع سے بجلی حاصل کرنے کے طریقے بھی سیکھے۔
IDSP نے اپنی مرغیاں، دنبے، سبزیاں اور دیگر خوراکی اشیاء خود پیدا کی ہوئی تھیں۔ وہاں موجود کیٹل ہاؤس میں دنبے پالے جا رہے تھے، جن سے ہر سال لاکھوں روپے کا منافع حاصل ہوتا ہے۔ اندازاً ہر سال ان دنبوں سے 20 سے 25 لاکھ روپے کا منافع حاصل کیا جاتا ہے۔
اسی طرح، وہاں پر چھوٹی سطح پر ہونے والی زراعت میں کوئی کیمیکل استعمال نہیں کیا جا رہا تھا، بلکہ مکمل آرگینک فصلیں اگائی جاتی ہیں، جو نہ صرف صحت مند ہوتی ہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہیں۔
تعلیم اور ماحول کا حسین امتزاج
IDSP کی تعلیم صرف تھیوری پر نہیں بلکہ پریکٹس پر مبنی ہے۔ کلاسز میں بچے جوتے اتار کر قالین پر بیٹھتے ہیں، اساتذہ کا سادہ اور دوستانہ انداز، اور ماحول میں موجود خلوص ایک منفرد تعلیمی ماحول تخلیق کرتا ہے۔
ڈائریکٹر IDSP ڈاکٹر صفدر نے نمل یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو ادارے کا تفصیلی وزٹ کرایا اور ان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا اصل مقصد یہ ہے کہ انسان اپنی ذات کے ساتھ ساتھ معاشرے کو بھی فائدہ دے سکے۔
شعبہ جات کی نمائندگی
اس سٹڈی ٹور میں نمل یونیورسٹی کوئٹہ کے بی ایس انگلش، بی ایس سائیکالوجی، بی بی اے، ایم بی اے اور مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹس کے طلباء نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مختلف ڈیپارٹمنٹس کے فیکلٹی ممبران بھی اس تعلیمی و مشاہداتی دورے کا حصہ تھے۔
اختتامیہ
نمل یونیورسٹی کوئٹہ کی جانب سے ایسی کاوشیں طلباء کی علمی، فکری اور عملی تربیت کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ایسے سٹڈی ٹورز نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں میں جدت لاتے ہیں بلکہ طلباء کو سماجی، معاشی اور ماحولیاتی چیلنجز کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ IDSP کا یہ دورہ یقینی طور پر طلباء کے لیے ایک ناقابلِ فراموش اور سیکھنے سے بھرپور تجربہ ثابت ہوا۔
رپورٹ: حافظ محمد احسن بی بی اے ففتھ سمسٹر نمل









