اسلام آباد(آوازٹائمز)اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف)نے کراچی پورٹ پر منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی۔اے این ایف نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی کارروائی کے دوران درآمد شدہ ایک کنٹینر سے 47 کلوگرام کوکین برآمد کر لی۔ یہ ضبطگی انسدادِ منشیات کی تاریخ میں اے این ایف کی جانب سے کوکین کی اب تک کی سب سے بڑی کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت لاکھوں ڈالرز بنتی ہے۔کارروائی انٹیلی جنس پروفائلنگ اور رسک اسیسمنٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جس کے تحت سکریپ پر مشتمل 7 درآمدی کنٹینرز کو مشکوک قرار دیا گیا۔گوجرانوالہ روانگی سے قبل ان تمام کنٹینرز کی انتہائی باریک بینی سے جامع تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں ایک کنٹینر کے اندر انتہائی مہارت کے ساتھ چھپائی گئی کوکین برآمد ہوئی۔ منشیات کو جدید طریقوں سے چھپایا گیا تھا، تاہم اے این ایف کے تربیت یافتہ عملے نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے سمگلنگ کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔اے این ایف سمندری بندرگاہوں، ڈرائی پورٹس، شاہراہوں، بین الصوبائی راستوں اور ہوائی اڈوں پر منشیات کے خلاف موثر اور ہمہ وقت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔اینٹی نارکوٹکس فورس ملک سے منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور منشیات سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی






