باجوڑ دھماکے میں ملوث 6 سہولت کار گرفتار

پشاور+ باجوڑ (روزنامہ آواز ٹائمز) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں جے یو آئی (ف)کے جلسے میں ہونے والے خودکش دھماکے کے 6 مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ باجوڑ دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ تفتیشی ٹیم ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک 6 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جو مبینہ سہولت کار ہیں۔ گرفتار سہولت کاروں سے تفتیش جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ خودکش حملہ اور کی شناخت کے لیے جائے وقوع سے لیے گئے سیمپل لیبارٹری کو بھیج دیے گئے ہیں، اب رپورٹ کا انتظار ہے۔ ڈی این اے رپورٹ آنے کے بعد کارروائی مزید تیز ہو گی۔ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر اسپتال کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق باجوڑ دھماکے کے شہدا کی تعداد 63 ہو گئی ہے۔ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خار نے بتایا کہ دھماکے کے بعد 43 لاشیں خار اسپتال میں لائی گئیں۔ ایک شدید زخمی ایل آر ایچ پشاور، 4 سی ایم ایچ پشاور 2 تیمرگرہ اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہو گئے۔ایم ایس کے مطابق 13 شہدا کو جائے وقوعہ سے ورثا اپنے ساتھ لے گئے تھے، جب کہ 3 ناقابل شناخت لاشیں ٹی ایم اے اور ریسکیو اہلکاروں نے امانتا سپرد خاک کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مختلف اسپتالوں میں زخمی اب بھی زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق 5 زخمیوں کی حالت اب بھی نازک ہے جنہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔

روزنامہ آواز ٹائمز اسلام آباد

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں