کوئٹہ(آوازٹائمز)افغان قومی موومنٹ اور اے کیو ایم کے صوبائی عہدیداروں نے کوئٹہ اور دیگر شہروں میں کسٹم اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے حکام کی طرف سے تجارتی سامان کے گوداموں پر چھاپے اور کروڑوں روپے مال ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بارڈرز پر تجارت بند ہونے کے باوجود تاجروں اور دکانداروں پر سخت پابندیاں اور ناروا پالیسی مسلط کی جا رہی ہے، جو عوام کے روزگار اور دو وقت کی روٹی کے حق پر حملے کے مترادف ہے۔ قلعہ عبداللہ اور دیگر پشتون اضلاع کے عوام کا واحد ذریعہ معاش پاک افغان بارڈر پر تجارت ہے، لیکن موجودہ اقدامات کے باعث عوام کے بنیادی اقتصادی حقوق پامال ہو رہے ہیں، جو پشتون بلٹ میں ظلم کی انتہا قرار دیا جا رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ پالیسی تاجروں کی معاشی قتل کے مترادف ہے، اور بعض ذرائع کے مطابق بڑے تاجروں کا سامان رات کی تاریکی میں کسٹم حکام کی ملی بھگت سے گزر رہا ہے، جس سے چھوٹے تاجروں اور لغڑیوں کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔افغان قومی موومنٹ نے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کسٹم اور ایف سی کی عوام دشمن پالیسی پر نظر ثانی کی جائے اور گوداموں سے ضبط شدہ سامان تاجروں کے حوالے کیا جائے، بصورت دیگر تاجر برادری کے ساتھ مل کر احتجاج کو مزید سخت موڑ دیا جائے گا






