کوئٹہ(آوازٹائمز)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بارڈرز کی طویل بندش نے صوبے کو شدید معاشی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ سرحدی گزرگاہوں کی بندش کے باعث ہزاروں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں خاندانوں کا واحد ذریعہ معاش ختم ہو کر رہ گیا ہے، جس سے غربت اور بے چینی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتان اور چمن سمیت دیگر بارڈرز نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان راستوں سے منسلک مزدور، تاجر، ڈرائیور، ہوٹل انڈسٹری اور چھوٹے کاروباری افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ بارڈر بندش کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں مفلوج ہو چکی ہیں اور مقامی مارکیٹس میں کساد بازاری کا راج ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر تفتان، چمن اور دیگر تمام بارڈرز کو کھولنے کے لیے عملی اور سنجیدہ اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی تجارت کی بحالی نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرے گی بلکہ ریاستی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے جائز حقوق کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی






