بلوچستان اسمبلی کااجلاس آج دوپہر 3بجے اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا

کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان صوبائی اسمبلی کا 17واں اجلاس آج بروز جمعہ 24 اکتوبر 2025 کو دوپہر 3 بجے اسمبلی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق تلاوت قرآن پاک کے بعد وقفہ سوالات میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیو ڈی اے) اور محکمہ محنت و افرادی قوت سے متعلق سوالات کے جوابات پیش کیے جائیں گے۔ایوان میں توجہ دلا نوٹس کے تحت رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ صوبائی وزیر داخلہ کی توجہ پولیس اہلکاروں کی کم تنخواہوں کے مسئلے کی جانب مبذول کرائیں گے۔ ان کا مقف ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں مگر ان کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہونے کے باعث اہلکار مایوسی کا شکار ہیں، لہذا حکومت فوری طور پر تنخواہوں میں بہتری کے لیے اقدامات کرے۔اجلاس کے ایجنڈے میں دو اہم قراردادیں بھی شامل ہیں۔ پہلی قرارداد رکن اسمبلی ڈاکٹر محمد نواز کی طرف سے پیش کی جائے گی جس میں ضلع شیرانی کے پسماندہ علاقے مرغہ کبزئی کو تحصیل کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ علاقے میں تعلیم، صحت اور مواصلات کی سہولیات بہتر بنائی جا سکیں۔دوسری قرارداد مولانا ہدایت الرحمن باوری کی جانب سے پیش ہوگی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سی پیک فیز ٹو میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبے شامل کیے جائیں تاکہ صوبے کے عوام میں پائی جانے والی محرومیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں