کوئٹہ(روزنامہ آواز ٹائمز)گزشتہ روز بارش کے بعد صوبہ بلوچستان کی بولان ندی میں طغیانی کے باعث پنجرہ پل پر شاہراہ تاحال بند ہے۔پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق پنجرہ پل کے مقام پر کوئٹہ تا سبی شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک معطل ہو گیا ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان نے بتایا ہے کہ بولان میں آب گم اور ڈھاڈر میں قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجرہ پل کے مقام پر شاہراہ کی بحالی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔+علاوہ ازیں نیشنل ہائی وے کی جانب سے این 65 سبی جیکب آباد شاہراہ کے لیے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔این ایچ اے حکام کے مطابق بولان ندی میں انتہائی درجے کا ریلہ گزر رہا ہے، پنجرہ پل کاز وے پر ریلے کے باعث ٹریفک معطل ہے۔جی ایم این ایچ اے کے مطابق کوئٹہ سے جیکب آباد کے مابین شاہراہ پر دونوں اطراف سے ٹریفک روک دیا گیا ہے، ہیوی مشینری عملے کے ساتھ پنجرہ کاز وے پر موجود ہے۔علاوہ ازیں بلوچستان کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔بسیمہ اور نواحی علاقے پتک میں بارشوں اور ریلوں نے تباہی مچا دی۔ پتک میں ریلے بازار اور شہری آبادی میں داخل ہوگئے جس سے درجنوں دکانیں اور گھر زیرِ آب آگئے۔






