کوئٹہ(آوازٹائمز)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتے سے انٹرنیٹ کی رفتار میں مسلسل کمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سست انٹرنیٹ نے جہاں روزمرہ کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے، وہیں میڈیا ادارے، آن لائن کاروبار اور تعلیمی پلیٹ فارمز بھی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق، انٹرنیٹ کی اپلوڈ اور ڈان لوڈ اسپیڈ نہایت کم ہو چکی ہے، جس کے باعث نیوز ایجنسیاں اور اخبارات اپنی رپورٹس، تصاویر اور ویڈیوز بروقت اپ لوڈ یا شیئر کرنے سے قاصر ہیں۔ کئی ویب سائٹس اپڈیٹ نہ ہو سکیں، جس سے قارئین کو بروقت خبریں فراہم کرنے میں دشواری پیش آئی۔آن لائن کاروبار سے وابستہ فری لانسرز، ای کامرس پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے منسلک نوجوانوں نے شکایت کی ہے کہ انٹرنیٹ کی اس صورتحال نے ان کے معاشی معمولات کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ عالمی کلائنٹس سے رابطے منقطع ہو رہے ہیں، ڈیلیوریز تاخیر کا شکار ہیں اور مالی نقصان کے ساتھ اعتماد بھی مجروح ہو رہا ہے۔شہریوں نے پی ٹی اے اور انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلوچستان میں سروسز کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ عوام کا کہنا ہے کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں انٹرنیٹ ایک بنیادی ضرورت بن چکا ہے اور اس کی بندش یا سست روی ناقابل برداشت ہے۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا






