کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مضر صحت اور غیر معیاری بیکری مصنوعات کے خلاف جاری خصوصی مہم دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں اور سبی شہر میں مجموعی طور پر 62 بیکریوں اور بیکنگ یونٹس کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔انسپیکشن کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال، باسی و زائدالمیعاد اجزا کے استعمال، زنگ آلود مشینری، اور غیر معیاری بیکری مصنوعات کی تیاری کے شواہد ملنے پر 4 بیکرز کو سیل جبکہ 24 بیکریوں کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ معمولی خامیوں اور اصلاحی ہدایات کی ضرورت محسوس ہونے پر 18 بیکری یونٹس کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔بی ایف اے کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ اجزا، مضر نان فوڈ کلرز، اور غیر معیاری تیار شدہ بیکری مصنوعات کی بڑی مقدار برآمد کرکے موقع پر ضبط کر لی۔ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کہا کہ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے کی خصوصی ہدایت پر تمام زونل ٹیموں کو غیر معیاری خوراک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کا پابند کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صوبے بھر میں ناقص و مضر صحت بیکری مصنوعات کی فراہمی کے مکمل خاتمے کے لیے بی ایف اے کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ڈی جی بی ایف اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف معیاری و محفوظ بیکری مصنوعات کا انتخاب کریں اور کسی بھی شکایت یا خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو آگاہ کریں تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے






