بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ، قلات منفی 6، کوئٹہ سمیت شہری گھروں میں محصورہوگئے

کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ، کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شہری اور دیہی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ قلات سب سے سرد مقام رہا، جہاں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ کوئٹہ میں کم از کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاکوئٹہ کے متاثرہ علاقے سیٹلائٹ ٹاون، پشتون آباد، کانسی روڈ، بلوچی اسٹریٹ، لیاقت بازار، اسٹویٹ روڈ، جناح ٹاون،علمدار روڈ، ہزارہ ٹاون، ریلوے سوسایٹی، سریاب روڈ ٹین ٹاون، نواکلی، جان محمد روڈ، فقیر محمد روڈ، پشتونستان چوک، ارباب کرم خان روڈ،موسی کالونی، قمبرانی روڈاور دیگر علاقے شامل ہے محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں دن بھر سرد اور خشک موسم رہا، اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور بلوچستان ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی گیس کی کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ کوئٹہ کے شہری کمبل، گرم کپڑے اور ہیٹرز استعمال کرتے ہوئے سردی کی شدت سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ بازاروں میں گرم چائے، سوپ اور پکوڑوں کے اسٹالوں پر رش رہا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سردی کی شدت کے پیش نظر وہ گرم لباس، کمبل اور دیگر حفاظتی اقدامات کریں اور رات اور صبح کے اوقات میں غیر ضروری باہر جانے سے گریز کریں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ گیس اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سردی سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں