بلوچستان میں گندم کی نقل و حمل میں رکاوٹیں، آٹے کی نایابی شدید، نوتال پر کسٹم اہلکاروں کی بلا جواز گاڑیوں کی روک تھام

کوئٹہ(آوازٹائمز)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بلوچستان ریجن کے صوبائی چیئرمین عبدالواحد بڑیچ نے بلوچستان میں گندم کی نقل و حمل میں رکاوٹوں اور آٹے کی نایابی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں گندم کی موجودگی نہ ہونے اور دوسرے صوبوں سے گندم لانے پر غیر ضروری و غیر قانونی پابندیاں لگانے سے گندم کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔عبدالواحد بڑیچ نے کہا کہ نوتال کے مقام پر کسٹم اہلکار مختلف گاڑیوں کو روک رہے ہیں، جن میں وہ گاڑیاں شامل ہیں جو بلوچستان کے ملز اور دکانداروں کو گندم فراہم کرتی ہیں، جو بعد میں آٹے کی شکل میں مارکیٹ میں پہنچتی ہیں۔ نیشنل ہائی وے پر گاڑیوں کی یہ روک تھام عام شہریوں اور تاجروں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مختلف چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کو حیلے بہانوں کے تحت روکا جانا ملز کے اخراجات بڑھا رہا ہے اور اضافی لاگت عام شہری کے جیب سے جاتی ہے، جس کی وجہ سے بازاروں میں آٹے کی کمی پیدا ہو گئی ہے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ یہ غیر ضروری پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں، گندم کی نقل و حمل بلا رکاوٹ جاری رکھی جائے اور بلوچستان میں آٹے کی فوری فراہمی کے اقدامات کیے جائیں تاکہ عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں