کوئٹہ(آوازٹائمز)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ طویل جدوجہد اور بھرپور توجہ مرکوز کرنے کے بعد ہم نے کامیابی کے ساتھ بلوچستان میں تمام سرکاری یونیورسٹیوں کو بحرانوں سے نکال کر دیرپا استحکام و ترقی کی جانب گامزن کیا ہیں۔ یہ تبدیلی تمام وائس چانسلرز اور میری گورنر ہاوس ٹیم کی مشترکہ کوششوں کا ثبوت ہے جنہوں نے صوبے میں ہائر ایجوکیشن کو پروان چڑھانے کے میرے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے راہ ہموار کی۔ ہماری اگلی سٹریٹجک ترجیح اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ صلاحیت سازی کے اقدامات کو بڑھانا ہے جس کا مقصد بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں اور ان کے کیمپسز کے توسط سے پورے خطے میں سماجی و اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر سے گورنر ہاوس کوئٹہ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی حمایت اور رہنمائی کی بدولت بلوچستان میں ہائر ایجوکیشن کو نمایاں فروغ ملا ہے، ان کی اجتماعی کوششیں بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید ہنر اور معیاری تعلیم کے ساتھ معاشی طور پر بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جو ہماری علاقائی ترقی کی خواہشات کے عین مطابق ہیں۔اس باہمی تعاون کے جذبے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم ایک جامع تعلیمی حکمت عملی وضع کرنے کیلئے اچھی پوزیشن میں ہیں جو عالمی معیارات کو اپناتے ہوئے مقامی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔ ہائر ایجوکیشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ایچ ای سی کے وسیع تجربے سے خاص طور پر کوالٹی ایجوکیشن اور آن لائن کورسز نے ماضی میں ہماری یونیورسٹیوں کو بہت فائدہ پہنچایا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا کرتے رہیں گے اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ بلوچستان تعلیمی جدت اور عمدگی میں سب سے آگے رہے۔






