کوئٹہ(آوازٹائمز)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ سے بلوچستان عوامی پارٹی کے سابق سینیٹر نصیب اللہ بازئی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بین الصوبائی ہم آہنگی اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، امن اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں صوبے کی محرومیوں کے ازالے اور عوامی فلاح کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ملاقات کے دوران صوبے میں جاری ترقیاتی اسکیموں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، تعلیم و صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لیے فنی تربیت کے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے توانائی، سڑکوں کے نیٹ ورک، زراعت اور صنعتی شعبے کی بحالی کے لیے خصوصی منصوبے شروع کیے ہیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے وزیراعظم کے بلوچستان دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقی و استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ ملاقات میں وفاقی و صوبائی اداروں کے باہمی تعاون اور بلوچستان کے سیاسی و معاشی استحکام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر بھی اتفاق کیا گیا






