کوئٹہ(آوازٹائمز)کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے میرین یونٹ نے بلوچستان کی ساحلی پٹی کے قریب کھلے سمندر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران الغفوری اور الکبیر نامی دو لانچوں سے مجموعی طور پر 38 ہزار 265 لیٹر غیر ملکی ہائی اسپیڈ ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کے مطابق میرین یونٹ نے مصدقہ اطلاع پر بلوچستان کے ساحلی علاقے مالان میں آپریشن کیا، جس کا مقصد کھلے سمندر میں غیر قانونی ایندھن کی اسمگلنگ روکنا تھا۔ کارروائی کے دوران لانچ الغفوری سے 18 ہزار 100 لیٹر جبکہ لانچ الکبیر سے 20 ہزار 165 لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل ضبط کیا گیا۔کسٹمز انفورسمنٹ میرین یونٹ کے مطابق دونوں لانچیں قبضے میں لے لی گئی ہیں جبکہ ضبط شدہ ڈیزل اور لانچوں کی مجموعی مالیت تقریبا 4 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے






