راولپنڈی (آوازٹائمز) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی افشاں اعجاز صوفی نے تھانہ آر اے بازار کے علاقے میں 2 کمسن بیٹیوں کے قتل اور اہلیہ سمیت 2 افراد کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو 2 مرتبہ موت کی سزا سنادی ہے عدالت نے قرار دیا ہے کہ ملزم کو موت واقع ہونے تک پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے عدالت نے مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان کو بری کردیا تھانہ آر اے بازار پولیس نے مقتولہ کے بھائی نعمان فاروق کی مدعیت میں گزشتہ سال 15 جولائی کو تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 324 اور 109 کے علاوہ پنجاب اسلحہ ترمیمی آرڈیننس 2015 کی دفعہ (a)(2)(13) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ ملزم عثمان انور نے گھریلو تنازعہ پر خنجر سے وار کرکے اپنی 12 سالہ انوش اور 4 سالہ لاریب کے گلے کاٹ کر قتل کرنے کے بعد اپنی اہلیہ عائشہ کو بھی شدید زخمی کردیا اور فرار ہونے کی کوشش میں محلے کے نوجوان عبد الرحمن کے گلے پر خنجر کا وار کیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا مدعی مقدمہ کے مطابق مقتول کا اپنے آبائی گھر اور اس میں موجود سامان کے حوالے سے بھائیوں سے تنازعہ چل رہا تھا جو اس کی بہن کو طلاق دلوا کر مکان خالی کرانا چاہتے تھے لیکن مدعی کی بہن اس پر تیار نہ تھی جس پر عثمان انور نے اپنے بھائی عرفان، اسکی بیوی حریہ، ارسلان، اس کی بیوی کنول کے علاوہ عدنان اور ذیشان کی ایما پر یہ اقدام کیا






