کوئٹہ(آوازٹائمز)جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان کے امیر مولانا عبدالقادر لونی، مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمودالحسن قاسمی، سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی، مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی حیات اللہ کاکڑ، صوبائی و مرکزی رہنماں نے اسرائیلی وزیراعظم کے غزہ کنٹرول نہ دینے کے اعلان کو کھلی غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل امن معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے جبکہ امریکہ اور ضامن ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی پالیسیوں اور اسرائیلی جارحیت نے خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے، غزہ میں نہتے فلسطینی عوام، خواتین اور بچوں پر مظالم جاری ہیں اور شدید سردی و بھوک سے قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔رہنماں نے کہا کہ عالمِ اسلام اگر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ نہ کرے تو امریکہ ایک ایک کر کے مسلم ممالک کو نشانہ بنائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی افواج کو فوری طور پر غزہ خالی کرا کے اسے فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کیا جائے، بصورت دیگر امن معاہدوں کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہے گی






