لاہور(روزنامہ آواز ٹائمز)پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر سلیم جعفر نے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جو آئندہ ماہ جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ بال سیریز میں حصہ لے گا،جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آرہی ہے اور اس کیخلاف سیریز کے تمام میچز یکم سے 14ستمبر تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے، نجی ٹی وی کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف اس دو طرفہ سیریز میں تین ٹی20انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل ہوں گے۔ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2023-25کا حصہ ہوں گے۔ تین ٹی20انٹرنیشنل میچز یکم سے 5ستمبر تک ہوں گے جبکہ ون ڈے سیریز 8 سے 14ستمبر تک کھیلی جائے گی۔اٹھارہ سالہ شوال ذوالفقار کو ٹی20اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ آئندہ ماہ ہونے والے ایشین گیمز کے لیے پہلے ہی سلیکٹ ہوچکی ہیں،دائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کی ٹیم میں چھ ماہ کے بعد واپسی ہوئی ہے۔ وہ انگلی کی تکلیف سے مکمل طور پر صحت یاب ہوچکی ہیں، ان کی انگلی اس سال آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں زخمی ہوئی تھی،لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ کی تین سال بعد ٹی20ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ آخری مرتبہ 2020کے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں۔ اسی طرح آل رانڈر نتالیہ پرویز کی 2018کے بعد ٹی20 اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، وہ ون ڈے اسکواڈ میں ریزرو کھلاڑی کے طور پر بھی شامل ہیں۔ وکٹ کیپر نجیہہ علوی بھی 15 رکنی ٹی20 اسکواڈ کا حصہ ہیں،ایمن امین، جویریہ خان، عائشہ نسیم (انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ)، سدرہ نواز اور طوبی حسن جو ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں اب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں،عمیمہ سہیل کو ٹی 20 سیریز کے لیے ریزرو میں رکھا گیا ہے جبکہ ون ڈے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر کا سلیکشن عائشہ نسیم اور کائنات امتیاز کی جگہ عمل میں آیا ہے جو اس سال آسٹریلیا کے دورے میں شامل تھیں،پاکستانی ٹیم کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر ندا ڈار کریں گی جنہوں نے بسمہ معروف کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔ بسمہ معروف نے فروری میں ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد قیادت سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا،پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا انتخاب چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی اور کپتان ندا ڈار کے باہمی صلاح مشورے کے بعد عمل میں آیا ہے،چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ کافی غور و خوص کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ سیدہ عروب شاہ اور نتالیہ پرویز کو ٹی 20فارمیٹ میں واپس لایا جائے کیونکہ ان کی حالیہ پرفارمنس اور فٹنس میں بہتری اچھی رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ام ہانی کا ون ڈے اور ٹی20 میں سلیکشن ان کی غیرمعمولی آف اسپن صلاحیتوں کی وجہ سے ہوا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ بولنگ اٹیک میں اہم کردار ادا کریں گی،سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولنگ کو مضبوط کرنے کے لیے ون ڈے اسکواڈ میں وحیدہ اختر کو شامل کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی تجربہ کار ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثنا موجود ہیں۔






