جھنگ(ڈیلی آواز ٹائمز/آصف مجید سبحانی) ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے ربیع الاول کے حوالے سے ضلع بھر میں بہترین انتظامات، بازاروں کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے انجمن تاجران کے نمائندگان سے اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں متعلقہ ضلعی محکموں کے افسران اور انجمن تاجران کے عہدیداران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے انجمن تاجران کے نمائندگان پر زور دیا کہ دکاندار اپنی دکانوں کے سامنے سامان رکھ کر سرکاری جگہ، فٹ پاتھ یا سڑک پر تجاوزات قائم نہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے موثر کارروائی کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور جلوسوں کی آمدورفت میں آسانی کے لیے بازاروں اور اہم گزرگاہوں کو ہر صورت کشادہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں بازاروں، اہم شاہراہوں اور کاروباری مراکز کی صفائی، خوبصورتی اور تزئین و آرائش کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے انجمن تاجران اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان بھرپور تعاون ضروری ہے۔






