حب، بلوچستان کے صنعتی شہر میں‌بدترین ٹریفک جام، شہریوں‌کو شدید مشکلات کا سامنا

حب(ڈیلی آواز ٹائمز/سٹی رپورٹر)بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں بھوانی ائیر کے قریب بدترین ٹریفک جام نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ ہیوی گاڑیوں کی آمدورفت کے حوالے سے مقررہ وقت گزرنے کے باوجود ٹریفک کی روانی بحال نہ ہوسکی، جس کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہری کئی گھنٹوں تک شدید اذیت میں مبتلا رہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیوی گاڑیوں کو رات 10 بجے کے بعد شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے، مگر مقررہ وقت گزرنے کے باوجود بھوانی ائیر کے مقام پر ہیوی گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ٹریفک کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہے اور موقع پر ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک جام روز کا معمول بنتا جا رہا ہے، مگر ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عوام سڑکوں پر ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، مریض، خواتین، بچے اور مسافر گھنٹوں ٹریفک میں پھنسنے پر مجبور ہیں، لیکن ٹریفک پولیس اور متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام نظر نہیں آتا۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ حب، ڈپٹی کمشنر حب اور ایس پی حب سے مطالبہ کیا ہے کہ بھوانی ائیر کے مقام پر فوری طور پر ٹریفک پولیس تعینات کی جائے، ٹریفک جام کا مستقل حل نکالا جائے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے، بصورت دیگر شہری احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں