حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) جمعیت طلباء اسلام مدنی یونٹ اکرم کالونی کے زیر اہتمام بیاد محمد اسحاق شہید سالانہ فٹبال ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح شاندار تقریب کے ساتھ کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی جامعہ اسلامیہ مدینۃ العلوم اکرم کالونی حب کے استاذ الحدیث حضرت مولانا مفتی عبدالولی تھے، جبکہ ان کے ہمراہ حضرت مولانا عبدالرشید سمالانی اور حضرت مولانا سمیع اللہ کوہستانی بھی موجود تھےگراؤنڈ آمد پر مہمان خصوصی اور دیگر معزز شخصیات کا شاندار استقبال کیا گیا اس موقع پر حضرت مولانا مفتی عبدالولی نے فٹبال کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیاٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ فرساں کلب اور نیشنل کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں شاندار اور سنسنی خیز کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی اور پہلا ہاف برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا اور مقررہ وقت تک مقابلہ برابر رہابعد ازاں میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیا گیا، جس میں فرساں کلب نے 3 گول جبکہ نیشنل کلب نے 2 گول اسکور کیے۔ اس طرح فرساں کلب نے ایک گول کے فرق سے نیشنل کلب کو شکست دے کر افتتاحی میچ اپنے نام کر لیامیچ دیکھنے کے لیے کھیل کے شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی، جنہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ شائقین نے بہترین کھیل پیش کرنے پر کھلاڑیوں کو داد بھی دی اس موقع پر حضرت مولانا مفتی عبدالولی حضرت مولانا عبدالرشید سمالانی اور حضرت مولانا سمیع اللہ کوہستانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں مدارس کے طلباء کے درمیان فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے اور آج ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہےانہوں نے کہا کہ مدارس کے طلباء اپنی مدد آپ کے تحت طلباء کی حوصلہ افزائی اور ان کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایسے کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کرتے ہیں، تاکہ طلباء اپنے فارغ اوقات مثبت اور صحت مند سرگرمیوں میں گزار سکیں۔ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ان میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور بھائی چارے کو بھی فروغ دیتی ہیں انہوں نے ضلعی انتظامیہ حب، ڈپٹی کمشنر حب اسسٹنٹ کمشنر حب اور ڈی آئی ایف حب سے اپیل کی کہ وہ طلباء کرام کی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کریں اور انہیں کھیلوں کا ضروری سامان فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں ان کا کہنا تھا کہ طلباء کو فٹبال فٹبال کٹس جرسی جوتے اور دیگر ضروری اسپورٹس سامان کی ضرورت ہے اگر ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے تعاون کرے تو طلباء کو کھیلوں کے بہتر مواقع میسر آ سکتے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ حب اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مدارس کے طلباء کے لیے کھیلوں کے سامان کی فراہمی اور دیگر ضروری سہولیات کے حوالے سے عملی اقدامات کرے گی.






