حب، دن کے اوقات میں ہیوی گاڑیوں کا شہر کےاندر داخلے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) ڈپٹی کمشنر حب کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں رات 11 بجے سے قبل ہیوی گاڑیوں کے حب شہر میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا اعلان بھی کیا گیا تھا، تاہم شہریوں کے مطابق تاحال اس نوٹیفکیشن پر مؤثر عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں ہیوی گاڑیاں بدستور شہر کے اندر داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام رہتا ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے باوجود خلاف ورزی کرنے والی ہیوی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی؟ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اکثر نوٹیفکیشن تو جاری کیے جاتے ہیں، تاہم ان پر عملی طور پر عملدرآمد نظر نہیں آتا۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حب پل اور حب بائی پاس کے راستے ہیوی گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جائے تاکہ ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر حب جمعہ خان مندوخیل، اسسٹنٹ کمشنر حب مھیم خان گچکی، ایس پی حب مرزا بلال حسن اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سے اپیل کی ہے کہ حب شہر میں ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ شہر میں ٹریفک جام کے مسئلے کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں