حب، سیوریج لائن کے ڈھکن غائب ہونے کے باعث حادثات ہونے لگے

حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) بلوچ خان رند کالونی میں سیوریج لائن کے ڈھکن غائب ہونے کے باعث گزشتہ روز دو بچے گٹر میں گر کر زخمی ہوگئے، جس پر علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے میونسپل کارپوریشن حب کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق بلوچ خان رند کالونی میں سیوریج لائن کے متعدد ڈھکن موجود نہ ہونے کے باعث کھلے مین ہول شہریوں، خصوصاً بچوں کے لیے خطرناک صورتحال اختیار کرچکے ہیں۔ گزشتہ روز دو بچے کھلے گٹر میں گر کر زخمی ہوگئے، جس کے بعد اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام کی توجہ ایک مرتبہ پھر اس سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرائی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن حب کے چیئرمین گل حسن محمد حسنی اور چیف آفیسر کو متعدد مرتبہ نشاندہی کے باوجود تاحال مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔علاقہ مکینوں کے مطابق حب ایک صنعتی شہر ہونے کے باوجود بنیادی شہری سہولیات کے حوالے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر جامع مسجد موسیٰ کی مین گلی میں سیوریج لائن مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث گندا پانی اور سیوریج کا مسئلہ شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیوریج لائنوں کی صفائی بھی باقاعدگی سے نہیں کی جا رہی۔شہریوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کسی بڑے حادثے یا جانی نقصان کے بعد ہی کھلے مین ہولز کے ڈھکن لگائے جائیں گے؟ میونسپل کارپوریشن حب کی جانب سے سیوریج لائنوں کی صفائی اور کھلے مین ہولز کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیوں نہیں کیے جا رہے؟علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان مندوخیل، اسسٹنٹ کمشنر حب مہم خان گچکی، میونسپل کارپوریشن حب کے چیئرمین گل حسن محمد حسنی اور چیف آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچ خان رند کالونی میں سیوریج لائنوں کی فوری صفائی کرائی جائے، کھلے مین ہولز پر مضبوط ڈھکن نصب کیے جائیں اور آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں