حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حب کی جانب سے رورل ہیلتھ سینٹر وندر کا تفصیلی دورہ کیا گیا۔ دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا گیا اور طبی و انتظامی امور، عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران انچارج ڈاکٹر عزیز، فارماسسٹ محمد حسین اور انچارج مین اسٹور فارماسسٹ مختار احمد بھی موجود تھے۔ میڈیکل ٹیکنیشن اللّٰہ ڈنہ کی سربراہی میں ہاسپٹل کا دورا کیا ۔ عملے کی حاضری، اے آئی حاضری، بیرونی مریضوں کا شعبہ، زچہ و بچہ کا شعبہ، لیبارٹری، ادویات کا اسٹور، حفاظتی ٹیکہ جات کا مرکز اور ای پی آئی اسٹور سمیت دیگر متعلقہ شعبہ جات کا معائنہ کیا گیا۔عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور جو ملازمین ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے، ان کے بارے میں وضاحت طلب نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ تمام عملے سے ان کی ڈیوٹی اور ذمہ داریوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور انہیں اپنی حاضری اور فرائض باقاعدگی سے انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔بیرونی مریضوں کے شعبے کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جبکہ زچہ و بچہ کے شعبے کا بھی معائنہ کیا گیا اور وہاں موجود سہولیات، رجسٹروں اور دیگر ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔لیبارٹری کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ لیبارٹری میں موجود سہولیات، آلات اور رجسٹروں کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ رجسٹر میں ضروری تبصرے اور ہدایات درج کی گئیں۔اسی طرح ادویات کے اسٹور اور ای پی آئی اسٹور کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ادویات، ویکسین اور دیگر ضروری سامان کی دستیابی اور ریکارڈ کو چیک کیا گیا۔ ای پی آئی مرکز اور ای پی آئی اسٹور کے متعلقہ رجسٹروں کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان میں ضروری تبصرے اور ہدایات درج کی گئیں۔دورے کے دوران تمام متعلقہ شعبہ جات کے ذمہ داران سے تفصیلی بات چیت کی گئی اور انہیں ہدایت کی گئی کہ تمام ریکارڈ بروقت اور درست طریقے سے مکمل رکھیں اور مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔تمام عملے کو اے آئی حاضری باقاعدگی اور بروقت لگانے کی سختی سے ہدایت کی گئی۔ واضح کیا گیا کہ حاضری، ڈیوٹی، ریکارڈ اور مریضوں کی سہولیات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔مجموعی طور پر دورے کا مقصد عملے کی حاضری، مختلف شعبہ جات کے ریکارڈ، ادویات و ویکسین کی دستیابی، رجسٹروں کی تکمیل اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔






