حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) لوکل سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل کمیٹی کے ممبران کا اجلاس اسسٹنٹ کمشنر آفس حب میں اسسٹنٹ کمشنر حب مھیم خان گچکی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیلدار، میونسپل کارپوریشن حب کے چیئرمین گل حسن محمد حسنی سمیت کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران لوکل سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل کے حصول کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔ کمیٹی ممبران نے درخواست گزاروں کی جانب سے پیش کیے گئے دستاویزات کا جائزہ لیا اور کاغذات مکمل اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہونے پر کمیٹی کی جانب سے ان پر دستخط کیے گئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حب مھیم خان گچکی نے کہا کہ لوکل سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل ہر شہری کا بنیادی حق ہیں اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو ان کے حصول کے لیے شفاف، میرٹ پر مبنی اور سہل طریقہ کار فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوکل سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل شہری کی شناخت اور مستقل سکونت سے متعلق اہم سرکاری دستاویزات ہیں، جن کی تیاری میں تمام قانونی تقاضوں اور مقررہ ضابطہ کار کو ملحوظِ خاطر رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی اجلاس کے دوران لوکل سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل کے لیے پیش کیے جانے والے تمام کاغذات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی غیر مستحق شخص کو غلط طریقے سے سرٹیفکیٹ جاری نہ ہو اور حقیقی و مستحق شہریوں کو ان کا حق بروقت مل سکے۔اسسٹنٹ کمشنر حب مھیم خان گچکی نے مزید کہا کہ شہری اپنے کاغذات مکمل اور درست فراہم کریں تاکہ ان کے معاملات کو بلاوجہ تاخیر کے بغیر نمٹایا جا سکے۔ انتظامیہ عوامی سہولت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے لوکل سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل کے معاملات کو شفافیت، میرٹ اور قانون کے مطابق حل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے کمیٹی کے تمام ممبران پر زور دیا کہ وہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے عمل میں غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔






