حب، ماوا گٹکا کی غیرقانونی تیاری، خرید وفروخت اور بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا، کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی)کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کی زیر صدارت ڈویژن بھر میں ماوا گٹکا کی غیر قانونی تیاری اور خرید و فروخت اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے بجلی نادہندگان سے واجبات کی ریکوری کنڈا مافیا کیخلاف مقدمات کے اندراج اور زہریلا ماوا گٹکا فروخت کرنے والوں کیخلاف ایکشن لینے کیلئےجوائنٹ چھاپہ مار ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو فوری طور پر کاروائی کا آغاز کریگی یہ فیصلہ لیڈاکانفرنس ہال میں کمشنرلسبیلہ ڈویژن کی زیر صدارت لسبیلہ حب ضلع کی انتظامی افسران اور ڈی آئی جی رینج لسبیلہ ڈویژن عبدالقیوم پتافی کی مشاورت سے کیا گیا اجلاس میں کے الیکٹرک انتظامیہ،ڈپٹی کمشنر حب،جمعدادمندوخیل اسسٹنٹ کمشنر اوتھل،ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی ایس پی حب مرزابلال حسن اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں پیٹرول ڈیزل کے ڈپوز چلانے والوں کو فائر فائنٹنگ ایس او پیز کا پابند بنانے اور مسافر کوچوں میں ایرانی ڈیزل پیٹرول کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے حوالے سے بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ ڈکیت کی ہلاکت سے متعلق تحقیقات ڈی ایس پی رینک کے افسر کی زیر نگرانی کرنے کا فیصلہ کیاگیا،اجلاس میں کے الیکٹرک انتظامیہ کے افسران نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن اور انتظامی افسران کو بتایا کہ ضلع حب میں 14 گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے،نیپرارولز کے مطابق ضلع حب میں 10 گھنٹے کی اوتھل،وندر،بیلہ میں 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے،بجلی چوری کی وجہ سے ٹیکنیکل لائن لاسز کے باعث ہمیں مجبورا لوڈ شیڈنگ کرنی پڑتی ہے جو صارفین باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں وہ بھی کنڈا مافیا کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہوتے ہیں،بجلی چوری کی روک تھام کیلئے انتظامیہ بھرپور تعاون کررہی ہے، ڈپٹی کمشنر حب جمعداد مندوخیل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بجلی چوری اور کے الیکٹرک ایشوز حل کرنے کیلئے مسلسل کھلی کچہری منعقد کررہی ہے ہائوسنگ سوسائٹیز کو بجلی کے بلز دینے پڑیں گے کسی کو مفت بجلی نہیں ملے گی اور نہ ہی کسی کو بجلی چوری کی اجازت دی جائے گی اُنہوں نے کہا کہ بجلی چوری کرنے والے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا جو بجلی چوری میں ملوث پایا گیا اُن کیخلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور اخبارات میں اُن کے نام نوٹسز اشتہارات جاری کئے جائیں گے کہ وہ بجلی چوری چھوڑ کر میٹر لگائیں بصورت دیگر اُن کیخلاف ایکشن ہوگا،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مسافر کوچیں چلانے والے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ میٹنگ کی جائے گی اور ایرانی تیل کی اسمگلنگ کی روک تھام پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے مسافروں کی تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں