حب، گلیوں میں سیوریج لائنوں کے ڈھکن غائب ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/سٹی رپورٹر) بلوچستان کے صنعتی شہر حب کی رند مارکیٹ کی مین گلیوں میں سیوریج لائنوں کے ڈھکن غائب ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کھلے مین ہولز کے باعث علاقے میں کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آنے کا خدشہ ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رند مارکیٹ کی مین گلیوں سے روزانہ بڑی تعداد میں مرد، خواتین، بچے، بزرگ اور نمازی حضرات گزرتے ہیں، جبکہ رات کے وقت روشنی کی کمی کے باعث کھلے مین ہولز مزید خطرناک صورتحال اختیار کر لیتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق سیوریج لائنوں کے ڈھکن غائب ہونے کے باوجود تاحال کوئی مستقل اقدام نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے کسی بھی وقت جانی نقصان کا خدشہ موجود ہے۔علاقہ مکینوں نے میونسپل کارپوریشن حب کے چیئرمین گل حسن محمد حسنی اور چیف آفیسر نجیب الدین سے اپیل کی ہے کہ رند مارکیٹ کی مین گلیوں کا فوری معائنہ کروا کر کھلے مین ہولز پر نئے ڈھکن نصب کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی سیوریج لائنوں اور مین ہولز کا سروے کروا کر جہاں کہیں ڈھکن غائب ہیں، وہاں فوری طور پر نئے ڈھکن نصب کیے جائیں۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں