حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) جام کالونی وارڈ نمبر 4 میں بنیادی شہری سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق وارڈ میں تاحال باقاعدہ سیوریج کا نظام موجود نہیں، جبکہ پانی کی فراہمی بھی تسلی بخش نہیں ہے۔ گیس کی سہولت سے متعلق مسائل کے ساتھ ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جام کالونی وارڈ نمبر 4 وقت گزرنے کے ساتھ مختلف مسائل کا شکار ہوتا جا رہا ہے، تاہم بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مشکلات کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔شہریوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو صرف رسمی دوروں اور فوٹو سیشن تک محدود رہنے کے بجائے عملی طور پر علاقے کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔امیر ظہور الدین ڈومکی، گھرام زہری، رسول بخش مری اور شیر محمد مری سمیت دیگر علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ جام کالونی وارڈ نمبر 4 کا خصوصی جائزہ لے کر سیوریج، پانی، گیس اور بجلی سمیت دیگر بنیادی مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے۔شہریوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام عوامی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اور عملی اقدامات کریں گے، تاکہ جام کالونی کے مکینوں کو بنیادی شہری سہولیات میسر آ سکیں اور علاقے میں بہتر ماحول پیدا ہو.






