حب سٹی پولیس کی بڑی کارروائیاں — ڈکیتی کے مقدمہ میں ملزم گرفتار، مسروقہ موبائل فونز و دیگر سامان برآمد

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) ایس پی حب مرزا بلال حسن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں، ایس ڈی پی او سرکل حب امام یعقوب بلوچ کی زیرِ نگرانی ایس ایچ او حب سٹی اور پولیس ٹیم نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

مورخہ 21-08-2026 کو مسمی علی خان ولد گمن خان، سکنہ بلوچ کالونی حب نے اطلاع دی کہ ابراہیم سوسائٹی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر اسے لوٹ لیا، جس کے دوران اس کے 02 موبائل فونز، شناختی کارڈ (CNIC)، اے ٹی ایم کارڈ اور نقد رقم مبلغ 2,500 روپے چھین لیے گئے۔

درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم اختر ولد علی محمد کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے قبضے سے 02 مسروقہ موبائل فونز اور مدعی کا شناختی کارڈ برآمد کرلیا گیا۔

دریں اثناء دورانِ گشت علاقہ امیر آباد کے قریب پولیس پارٹی نے تین مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ملزم وزیر علی ولد عبداللہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار ملزم کے قبضے سے TT پسٹل اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔ فائرنگ کے دوران ملزم کے دیگر دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے تلاش اور چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

ایس پی حب مرزا بلال حسن نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں