کوئٹہ(آوازٹائمز)ایس ایس پی حب سید فضل شاہ بخاری نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ حب پولیس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران مثر اور کامیاب کارروائیوں کے ذریعے چار خطرناک گینگز کو بسٹ کر دیا ہے۔ ان کارروائیوں میں مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث 9 خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ایس ایس پی کے مطابق سب سے بڑی کارروائی 17 دسمبر کو پلا ل گینگ کے خلاف کی گئی، جس میں حب کے تمام سرکلز کی پولیس نے حصہ لیا۔ کارروائی کی نگرانی ڈی ایس پی حب نے کی، اس دوران پلا ل گینگ کے دو اہم ارکان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 55 چوری شدہ اور چھینی گئی موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ تین دیگر گینگز کو بھی بسٹ کیا گیا جو دکانوں اور گلی محلوں میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ مجموعی طور پر ایک ماہ میں 9 خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ایس ایس پی حب کے مطابق اس دوران 48 اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جبکہ مختلف کارروائیوں میں 13 اسلحہ برآمد ہوا، جن میں 12 پسٹل اور ایک کلاشنکوف شامل ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔ ایس ایس پی حب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حب پولیس آئندہ بھی شہر کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے گی






